کرونا وباء; عبادات و تہوار محدود ;مسیحی برادری کروناء وباء سے چھٹکارے کے لیے دعا گو ہے;آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد
اسلام آباد( ۔رپورٹ :اصغر علی مبارک سے ۔۔ )
مسیحی روحانی پیشواء آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاہے کہ دیگر مذاہب کی طرح مسیحی برادری بھی کروناء وباء سے چھٹکارے کے لیے دعا گو ہے اور کرونا وباء کے پیش نظر مسیحی عبادات و تہوار محدود کردیئے گئے ہیں اور حکومتی ایس او پیز پر کماحقہ عمل پیرا ہے۔ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ دنیا بھر میں پھیلے مہلک کورونا وائرس کی خطرناک وبا کے پیشِ نظرہم سب اِس وقت مقامی اورعالمی سطح پربہت بڑے بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ اِس وائرس کے تباہ کن اثرات کے تناظر میں ہم دیکھ سکتے ہیں کہ یہ کس قدرتیزی کے ساتھ ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہو رہا ہے اورانسانوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ شدید چیلنجز اور اِن سنگین مشکل حالات میں انسان ہوتے ہوئے ہم میں بہت سے لوگ خوف وھراس میں مبتلا ہیں۔ اِ ن حالات میں اُنہوں نے قوم کو یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے ایمان میں مضبوط رہنے کی تلقین کی ہے۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ہم سب کو قادرِ مطلق خُدا سے دُعا مانگنی چاہیے کہ وہ دُنیا بھر اور پاکستان سے اِس موذی وائرس کا جلد خاتمہ کرے اور اِس سے متاثر ہونے والے تمام لوگوں کو شفا اور اچھی صحت عطا کرے تاکہ وہ جلد دوبارہ معمول کی زندگی بسر کر سکیں۔اُنہوں نے حکومت پاکستان، مسلح افواج صحت کے اداروں تنظیموں اوراداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد ذمہ داری شہری کا کردار ادا کرتے ہوئے ڈاکٹرز، نرسیز، پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ بھر پور تعاون اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ایسا کوئی بھی قدم نہ اُٹھائیں جس سے یہ وائرس دوسروں میں پھیل جائے۔ اِس وقت ہمیں ماہرینِ صحت کی باتوں کو غور سے سننے اور عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کو ہدایت کی کہ وہ بغیر کسی کوتاہی کے اِن تمام ہدایات پر عمل کریں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر بشپ جوزف ارشد کو جو اب تک فیصل آباد ڈایوسیس کے بشپ اور کچھ عرصہ سے راولپنڈی اسلام آباد ڈایوسیس کے نگران بشپ تھے انہیں اب راولپنڈی اسلام آباد ڈایوسیس کا بشپ مقرر کردیا گیا ہے۔ بشپ روفن انتھونی کے انتقال کے بعد اس ڈایوسیس میں روم کی طرف سے بشپ مقرر کرنے کا انتظار تھا۔ 25 اگست 1964 لاہور میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر بشپ ارشد پاسبانی خدمات کا خاصہ تجربہ رکھتے ہیں اور اپنی گونا گوں صلاحیتوں اور خوبیوں کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کلیسیائی قانون میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور پاپائی اکادمی سے سفارت کاری میں خصوصی تعلیم و تربیت حاصل کی ہے اور مختلف ممالک میں پاپائی سفارت خانوں میں مختلف خدمات سر انجام دیتے رہے ہیں,
۔پاپائے اعظم فرانسس نے ڈاکٹر جوزف ارشد کو 3 جولائی 2013 خ س میں فیصل آباد ڈایوسیس کا بشپ مقرر کیا۔ حال ہی میں کاتھولک بشپس کانفرنس آف پاکستان کے اجلاس میں ڈاکٹر جوزف ارشد کانفرنس کا صدر بھی منتخب کیا گیا ہے۔ اس ذمہ داری کے علاوہ ان کے پاس دیگر کلیسیائی شعبہ جات ہیں جن میں وہ فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ کلیسیا یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ اپنے ان منصب کا بہتر استعمال کرتے ہوئے اپنے لوگوں اور کلیسیاءکی خدمت کریں گے۔ واضح رہے کہ جڑواں شہرراولپنڈی/اسلام دارالحکومت ہونے کی وجہ سے انہیں آرچ بشپ کا رتبہ حاصل ہے.