پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ آج کارڈف میں کھیلا جائے گا;انگلش ٹیم اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی… ( رپورٹ.اصغرعلی مبارک سے )پاکستان ٹیم ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل میں ترقی کا عزم لیے آج جمعرات کو انگلینڈ کے مدمقابل ہو گی،پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو لندن کے صوفیہ گارڈنز، کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ممالک کے مابین یہ سیریز آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے جو کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ رانڈ تصور کیا جارہا ہے۔ ورلڈکپ سپر لیگ میں ہر میچ جیتنے والی ٹیم کو دس پوائنٹس ملیں گے۔ میچ برابریا بے نتیجہ ختم ہونیکی صورت پر دونوں ٹیموں میں پانچ پانچ پوائنٹس تقسیم کردئیے جائیں گے۔فی الحال پاکستان آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 6 میچز کھیل کر 40 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ انگلینڈ 12 میچز میں سے 6 میں فتح کے ساتھ 65 پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے۔ اس دوران انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 50 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دسری پوزیشن پر موجود ہے۔پاکستانی ٹیم ان دنوں دورہ انگلینڈ پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 8 سے 20 جولائی تک تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج جمعرات کو صوفیہ گارڈنز ،کارڈف میں کھیلا جائے گا۔یہ بارہواں موقع ہوگا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف ان کی سرزمین پر کوئی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلے گی۔ دونوں ممالک کے مابین گزشتہ سیریز میں انگلینڈ کا ریکارڈ شاندار ہے جس نے 11 میں سے 9 سیریز جیتیں جبکہ ایک ڈرا رہی۔ اس دوران پاکستان نے انگلش سرزمین پر اپنی واحد سیریز 1974 میں جیتی تھی تاہم گزشتہ سال دور ہ انگلینڈ میں شامل ٹی ٹونٹی سیریز 1-1 سے برابر کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھامگر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کیحالیہ اعداد و شمار متاثرکن ہیں۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے بعد سے اب تک پاکستان کرکٹ ٹیم نے مجموعی طو رپر 8 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جس میں سے 6 میں اس نے کامیابی حاصل کی۔ یہی نہیں بلکہ ورلڈکپ 2019 اورچیمپنز ٹرافی 2017، پچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ کے یہ دونوں ایونٹس انگلینڈ میں کھیلے گئے تھے۔

ان دونوں ایونٹس میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی فاتح انگلینڈ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کی چیمپئن پاکستان کی ٹیم رہی تھی۔پاکستانی ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کریں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، شاہین آفریدی، حسن علی، محمد رضوان اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس کی قیادت میں میدان میں اترے گی ۔ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل عالمی وبا کورونا نے انگلش ٹیم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، سکواڈ میں شامل تین کھلاڑیوں اور عملے کے چار اراکین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پوری ٹیم کو آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے تصدیق کر دی ہے کہ تین کھلاڑیوں اور چار آفیشلز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد تمام افراد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملنے والے تمام افراد بھی آئسولیشن میں رہیں گے۔واضح رہے کہ ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑی ہوں گے اور یوں پاکستان ٹیم کے پاس 46سال بعد انگلینڈ کی سرزمین پر ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کا سنہری موقع ہے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل 10 جولائی کو لارڈز جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے 13 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز 16 جولائی سے شروع ہو گی۔انگلش کرکٹ ٹیم ’اکتوبر 2021 میں پاکستان کا دورہ کرے گی.پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس سال اکتوبر میں دورۂ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اور 15 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں میچوں کی میزبانی کراچی کے سپرد کی گئی ہے۔یہ 16 سال میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ آخری مرتبہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 2005 میں مائیکل وان کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں اس نے تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنی ہوم سیریز 2012 اور 2015 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی تھیں۔