ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سویپ;3 ون ڈے میچز کی سیریز پاکستان کے نام…………(رپورٹ؛اصغرعلی مبارک سے)….پاکستان نے ويسٹ انڈيز کیخلاف آخری ون ڈے بھی جيت کر سيريز0-3 سے جيت لی۔پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر کلین سوئپ مکمل کیا۔پاکستان کی جانب سے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے آل راؤنڈر شاداب خان نے کیریئر بیسٹ 86 رنز بنائے، میچ وننگ اننگز کھیلنے پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ان کے علاوہ نوجوان اوپنر بلے باز امام الحق نے اپنی اچھی کارکردگی کا سلسلہ تیسرے میچ میں بھی جاری رکھا اور 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، پوری سیریز میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کرنے پر انہیں پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ اوپنر فخر زمان نے 35 اور خوشدل شاہ نے 34 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے 23 سالہ فاسٹ باؤلر شاہنواز دہانی نے ون ڈے ڈیبیو کیا۔واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 306 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کامیابی سے حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ک نکولس پوران نے 48 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کیمو پال نے 57 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں پر 269 رنز بنائے۔موسم کی خرابی کے وجہ سے میچ رک جانے کی وجہ سے اسے 48 اوور فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور دونوں نے 85 رنز کی شراکت قائم کی، پاکستان کی پہلا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے 35 رنز بنائے۔پہلے میچ میں شاندار سنچری اور دوسرے میچ میں نصف سنچری بنانے والے بابر اعظم 3 گیندیں ہی کھیل سکے، وہ ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔بابر اعظم کے بعد محمد رضوان کریز پر آئے اور امام الحق کے ساتھ پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھانے لگے، 113 کے مجموعی اسکور پر امام الحق آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 68 رنز بنائے۔امام الحق کے بعد نوجوان بلے باز محمد حارث میدان میں اترے لیکن وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔واضح رہے کہ مذکورہ سیریز دسمبر 2021 میں ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کا حصہ تھی تاہم پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی جانب سے باہمی رضامندی کے ساتھ کووڈ-19 کے 5 کیسز سامنے آنے کے بعد سیریز ملتوی کردی گئی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے 2023 کے شروع میں بھی 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے رضامندی ظاہر کرلی ہے، جس کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی یہ ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے، آئی سی سی لیگ میں شامل ان میچز کو ورلڈ کپ کوالیفائرز کا درجہ حاصل ہے۔ ورلڈ کپ 2023 کے لیے سرفہرست 7 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جبکہ بھارتی ٹیم میزبان کی حیثیت سے پہلے ہی جگہ بناچکی ہے۔50 اوورز پر مشتمل میچز کا میگا ایونٹ اگلے سال اکتوبر/نومبر میں کھیلا جائے گا۔