قائداعظم ٹرافی فائنل: عمر اکمل کی ڈبل سنچری سے سنٹرل پنجاب کی میچ میں گرفت مضبوط ….ناردرن تاحال 312 رنز کے خسارے کا شکار, دوسری اننگز میں بھی 2وکٹیں گنوادیں
: اصغر علی مبارک سے
:
….قائداعظم ٹرافی کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری فائنل میں ناردرن کی ٹیم دوسری اننگز میں سنٹرل پنجاب کے خلاف تاحال 312 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ناردرن نے 2وکٹوں کے نقصان پر109 رنز بنالیے ہیں۔ حیدر علی 50 اور فیضان ریاض صفر کے انفرادی اسکور سے میچ کے چوتھے روز کاآغاز کریں گے۔میچ کے تیسرے روز اوپنر ذیشان ملک نے حیدر علی کے ہمراہ ناردرن کو75 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم وہ 38کے انفرادی اسکور پر ہمت ہار گئے ۔ تجربہ کار بلے باز عمر امین بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 109 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 17 رنزاسکور کیے۔اس سے قبل ناردرن کے 254 رنز کےجواب میں سنٹرل پنجاب نے 8وکٹوں کے نقصان پر 675 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر کی دوسری اور مجموعی طور پر ایونٹ کی آٹھویں ڈبل سنچری اسکور کی۔عمر اکمل کی 265گیندوں پر 218رنز کی شاندار اننگز میں 20 چوکے اور 8چھکے شامل تھے۔ انہوں نے چھٹی وکٹ کے لیے ظفر گوہر کے ہمراہ 215 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ ظفر گوہر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ وہ 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 99رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 5وکٹوں کے نقصان پر 466 رنز سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کیا تھا۔عمر اکمل اور ظفر گوہر کے آؤٹ ہونے کے بعد بلال آصف اور فہیم اشرف نے سنٹرل پنجاب کی جانب سے کریز سنبھالی۔ بلال آصف 15گیندوں پر 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے توسنٹرل پنجاب نےناردرن کے خلاف421 رنز کی برتری پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ ناردرن کی جانب سےکپتان نعمان علی ،موسیٰ خان اور فیضان ریاض نے دو دوکھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے قبل ناردرن کی ٹیم میچ کے پہلے روز پہلی اننگز میں 254 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔



