راولپنڈی ٹیسٹ میںپاکستان کی پہلی اننگز 476 رنز پر ڈیکلیئر .. خراب روشنی کے باعث دن کا کھیل ختم ,مہمان ٹیم کے 5 رنز………(۔رپورٹ:اصغرعلی مبارک …………راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 4 وکٹوں پر 476 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری تھی اور بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنالیے تھے کہ خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کردیا گیا۔راولپنڈی میں آسٹریلیا کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میں کھیل کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، امپائرز اور ٹیم انتظامیہ نے آسٹریلیا کے عظیم لیگ اسپنر شین وارن کے انتقال پر ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی۔ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے لیگ اسپنر شین وارن کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔پاکستانی بلے بازوں کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رہاکھیل کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 245 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔پاکستانی بیٹرز امام الحق اور اظہر علی دوسرے روز کے پہلے سیشن میں بھی آسٹریلوی بولرز پر حاوی نظر آئے اور اسی دوران امام الحق نے 150 رنز مکمل کیے۔کھانے کے وقفے کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو اظہر علی نے بھی 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 19 ویں سنچری مکمل کی۔پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر گری جب امام الحق 157 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔پاکستان کی تیسری وکٹ 414 رنز پر گری اور قومی کپتان بابراعظم 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔بابر کے بعد 444 کے مجموعے پر پاکستان نے چوتھی وکٹ گنوائی، امام کی طرح اظہر علی بھی ڈبل سنچری نہ کرسکے اور 185 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔بعد ازاں پاکستان نے 476 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی۔پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کی تو محمد رضوان 29 اور افتخار احمد 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون، پیٹ کمنز اور مارنس لبوشانگے نے ایک ایک وکٹ لی۔آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری تھی اور اس نے بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنالیے تھے کہ خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کردیا گیا۔آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 5 اور ڈیوڈ وارنر بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔آسٹریلین ٹیم کے کوچ اینڈریو میک ڈونلڈ نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کے باوجود پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلین ٹیم پاکستان میں اچھے ہاتھوں میں ہے۔ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے میں کم از کم62 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہو گئے۔آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے اور آج ہی دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں شروع ہوا جبکہ اس دورے کی کامیابی کے نتیجے میں پاکستان میں دیگر بڑی ٹیموں کے دورے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔دورہ شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی پہلے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرنے والے راولپنڈی سے 140 کلومیٹر دور پشاور میں مسجد میں دھماکا ہوا۔ آسٹریلین ٹیم کے کوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پشاور کے عوام سے تعزیت کرتے ہیں اور اس دھماکے کے حوالے سے ہماری سیکیورٹی ٹیم درست رہنمائی کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سے ہم پاکستان آئے ہیں تو ہم بہت اچھے ہاتھوں میں ہیں، میدان میں ماہرین ہماری بھرپور رہنمائی کررہے ہیں، اگر کچھ تبدیلی ہوتی ہے تو وہ ہمیں اس بارے میں ضرور آگاہ کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے مہمان آسٹریلین ٹیم کو پورے دورے کے لیے سربراہ مملکت کے طرز کی سیکیورٹی فراہم کی ہے۔اس سے قبل پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے امید ظاہر کی کہ آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان دیگر ٹیموں کی پاکستان آنے کے حوالے سے حوصلہ افزائی ہو گی۔