









. جہانگیر ترین کا بیٹا علی ترین پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم خریدنے کیلئے فیورٹ
…….رپورٹ :اصغر علی مبارک سے
سپریم کورٹ آف پاکستان سے تاحیات نااہل قرار دیئے جانے والے پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم خریدنے کیلئے فیورٹ ھیں گزشتہ دنوں انہوں نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) کی چھٹی ٹیم کو خریدنے کی دلچسپی ظاہر کی اور بعد ازاں سینٹر فیصل جاوید کے ھمراہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زمہ داروں سے ملاقات بھی کی علی ترین پی ایس ایل نے اس ضمن میں پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن میں نئی فرنچائز ملتان سلطانز کی تفصیلات بھی حاصل کیں ملتان سلطانز کے مالکان مقررہ وقت پرادائیگیوں سے قاصر رہے جس کے بعد پی سی بی نے شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز کو ملکیت سے محروم کردیا گیاتھا جس کی وجہ سے ملتان سلطانز ٹیم کے مالکانہ حقوق پی سی بی کو واپس منتقل ہو گئے۔پی سی بی نے اب فرنچائز کے مالکانہ حقوق کی فروخت کیلئے ٹینڈر نوٹس جاری کر دئیے ھیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چھٹی ٹیم (سابقہ ملتان سلطانز) کے مالکانہ حقوق کی فروخت کے سلسلے میں بولی کے عمل کے لیے اشتہار دے دیا ھے۔ جس میں فرنچائز کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے۔اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ فرنچائز کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے کے خواہاں افراد بولی کی دستاویزات سمیت دیگر تمام متعلقہ تفصیلات 14دسمبر تک دفتری اوقات کار کے دوران مفت حاصل کر سکتے ہیں۔پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں صرف بورڈ کے محکمہ قانونی امور کے سینئر جنرل منیجر بیرسٹر سلمان نصیر سے رابطہ کیا جائے اور دیگر کسی بھی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات آفیشل تصور نہیں کی جائیں۔فرنچائز کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو کہا گیا کہ بولی کے تکنیکی اور مالیاتی پروپوزل ایک بند لفافے میں 18دسمبر صبح 11 بجے تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی کے محکمہ قانونی امور میں پہنچا دی جائیں، جس کے بعد اسی دن ساڑھے 11 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پروپوزل کھولے جائیں گے۔اس کے بعد دیگر عمل میں صرف متعلقہ افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی اور 18دسمبر کو شام 4 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوالیفائی کرنے والی بولیوں کو کھولا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین بھی پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔جس کے بعد ملتان سلطانز ٹیم کو باقاعدہ فرنچائز کو فروخت کیا جائے گا تاہم اس وقت تک ملتان سلطانز ٹیم کو”چھٹی ٹیم”کے نام سے پکارا جائے گا۔ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی بولی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5.2ملین ڈالر سالانہ کی بنیادی رقم مختص کی تھی اور شون گروپ واحد فریق تھا جس نے بولی کے عمل میں حصہ لے کر فرنچائز اپنے نام کر کے اسے “ملتان سلطانز” کا نام دیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے اب فرنچائز کی ملکیت کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ایک گفتگو میں علی ترین نے کہا ھے کہ ہم ملتان سلطانز ٹیم “چھٹی ٹیم” فرنچائز کی فروخت کے عمل میں حصہ لیں گے اور کوشش ہو گی کہ جنوبی پنجاب میں ٹیم آئی ہے تو ہمارے ہاتھ سے نہ جائے۔علی ترین نے کہا کہ ہم جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے حوالے سے کافی کام کر رہے ہیں اور ہمارا پروگرام ہے کہ ہر ضلع میں ایک گراﺅنڈ اور اکیڈمی بنانے کے ساتھ ساتھ کلب کرکٹ کو سپورٹ کریں اور اگر پی ایس ایل کی ٹیم بھی آجاتی ہے تو ہمارے کام کو مزید تقویت ملے گی۔علی ترین نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی کھیلوں کا شوق تھا اور سکول میں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا، ہمارے خاندان کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے تو اب ارادہ ہے کہ ملک کے اس حصے کیلئے کچھ کیا جائے۔



