برطانوی شہزادہ چارلس بھی کورونا وائرس کا شکار ۔۔۔۔۔۔رپورٹ؛ اصغر علی مبارک سے
برطانیہ کے پرنس چارلس بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق برطانوی شاہی محل کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ 71 سالہ برطانوی پرنس چارلس میں کورونا وائرس کی معتدل علامات ہیں۔شاہی محل کے ترجمان کے مطابق گزشتہ اتوار کو ان میں کورونا وائرس کی معمولی علامات پائی گئی تھیں جبکہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے پر نتیجہ مثبت آیا ہے مگر مجموعی طور پر پرنس چارلس صحت مند ہیں۔شاہی محل کلیئرنس ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پرنس آف ویلز پرنس چارلس نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے جبکہ وہ کچھ دنوں سے گھر سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔دوسری جانب ڈچز آف کارنویل پرنسس کمیلا کا بھی کورونا کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، پرنسس کمیلا میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے مگر انہوں نے بھی خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔برطانوی شاہی خاندان کے چشم و چراغ اور ملکہِ برطانیہ کے صاحبزادے پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس 71 برس کے ہو گئےملکہ الزبتھ دوئم اور شہزادہ فلپ کے سب سے بڑے بیٹے پرنس چارلس 14نومبر 1948 کو لندن میں پیدا ہوئے۔شہزادہ چارلس دو جون انیس سو ترپن کو اپنی والدہ کی تاجپوشی پر ولی عہد بنے جبکہ 1970میں انہوں نے گریجویشن کیا جس کے بعد انہوں نے برطانیہ کی بحری اور ہوائی فوج میں بھی خدمات انجام دیں۔شہزادہ چارلس کی شادی 29 جولائی 1981کولیڈی ڈیانا سے انجام پائی لیکن اختلافات کے باعث ان میں 1996میں علیحدگی ہوگئی۔
بعدازاں شہزادہ چارلس نے اپنی دیرینہ دوست کمیلا پارکر سے 2005میں دوسری شادی کر لی تھی ۔


