بارش سے متاثرہ
میچ میں ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ کے تحت پشاور زلمی 7 رنز سے کامیاب۔راولپنڈی:(رپورٹ؛اصغر علی مبارک سے)بارش سے متاثرہ میچ میں پشاور زلمی نے ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی نے 79 رنز پر مشتمل نظرثانی شدہ ہدف کے تعاقب میں 9 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنائے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے کھیل کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔ 6 رنز پر لیوک رونکی کے آؤٹ ہونے کے باوجوداوپنر کولن منرو نے 4 اوورز میں ٹیم کا مجموعہ 41 تک پہنچا دیا۔ پانچویں اوور کی پہلی گیند پر بائیں ہاتھ کے بلے باز رضوان حسین5 اسکور بناکر آؤٹ ہوئے تو کپتان شاداب خان نے کریز سنبھال لی۔ انہوں نے پہلے کولن منرو اور پھر کولن انگرام کے ہمراہ بالترتیب67 اور 76 رنز کی شراکت قائم کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کو اسکور بورڈ پر بڑا ہدف سجانے میں مدد کی۔
شاداب خان نے 42 گیندوں پر 5چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 77 رنز کی اننگز کھیلی۔183سے زائد اسٹرائیک ریٹ سے اسکور بنانے والے شاداب خان ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
کولن منرو نے 35 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کولن انگرام 25 گیندوں پر 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔آصف علی اور فہیم اشرف 3،3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنزبنائے۔پشاور زلمی کے حسن علی نے 2 جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ، وہاب ریاض اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کامران اکمل اور امام الحق پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پشاور زلمی کو 26 گیندوں پر 44 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ امام الحق 7 اور کامران اکمل 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر ٹام بنٹن اور حیدر علی نے کریز سنبھالی اور جارحانہ حکمت عملی سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ 9 اوورز میں پشاور زلمی نے 2وکٹوں کے نقصان پر 85 رنزبنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ ٹام بنٹن 20 اور حیدر علی 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے کہ ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی کوفاتح قرار دے دیا گیا۔ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی کو 9 اوورز میں 79 رنز درکار تھے۔ظفر گوہر اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں جارحانہ اننگز کھیلنے پر شاداب خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ آج بروز اتوار آٹھ مارچ کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں2میچز کھیلے جائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی جبکہ روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں شام 7 بجےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔



