ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کیلئے خاتون کھلاڑی نرگس کا کراٹے میں کانسی کا تمغہ
خصوصی رپورٹ :اصغر علی مبارک سے
انڈونیشیا میں جاری 18 ویں ایشین گیمز کے ویمنز کراٹے کے مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی نرگس نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی خاتون کھلاڑی نے پاکستان کیلئے یہ اعزاز حاصل کیا ھے ،خاتون کھلاڑی نرگس نے جکارتہ کے پالم بانگ میں جاری ایشین گیمز میں نرگس نے 68 پلس ویمنز کراٹے کے ایک اہم مقابلے میں نیپال سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی کو 3-1 سے شکست دے کر پاکستان کو ایونٹ میں دوسرا تمغہ دلایا۔واضح رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل کبڈی کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں پہلا کانسی کا تمغہ جیت لیا تھا۔۔ایشین گیمز میں اب تک چین 72 سونے، 51 چاندی اور 30 کانسی کے تمغے حاصل کرکے مجموعی طور پر 153 تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔جاپان نے سونے کے 34، چاندی کے 31 اور کانسی کے 44 تمغے حاصل کیے ہیں اور فہرست میں دوسرا نمبر ہے۔کوریا سونے، چاندی اور کانسی کے بالترتیب 25، 26 اور33 تمغوں کے ساتھ 84 مجموعی تمغے حاصل کرکے تیسری پوزیشن پر موجود ہے جبکہ ایران 34 اور میزبان انڈونیشیا 38 مجموعی تمغوں کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔پاکستان مجموعی تمغوں کی فہرست میں 30 ویں نمبر پر ہے جبکہ صرف افغانستان اور کوریا صرف ایک، ایک تمغہ حاصل کرکے پیچھے ہیں۔