کوہاٹ ; اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکا، 16 افراد جاں بحق، 50 زخمی
کوہاٹ میں جمعے کے روز اولڈ پولیس لائنز میں دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد شہید اور 50 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جب کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

پولیس لائنز کے اطراف سیکیورٹی کی صورت حال انتہائی کشیدہ ہے اور اب تک علاقے میں کم از کم 10 دھماکوں کی آوازیں سنی جا چکی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک دہشت گرد کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا پولیس کے سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق خودکش حملہ آور نے اسپیشل برانچ کی عمارت کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔
ڈی ایچ کیو کوہاٹ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طاہر کے مطابق دھماکے کے بعد اب تک 16 افراد کی لاشیں اور 50 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے 16 افراد میں پانچ پولیس اہلکار اور 11 افراد سویلین ہیں۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس افسر کوہاٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات میں دھماکے کی وجہ بارود سے بھری گاڑی کا ٹکرانا بتایا جارہا ہے تاہم دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
آئی جی ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے اور ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو سخت انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کوہاٹ میں دہشت گردوں کے اس حملے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو فوری اور بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت اور انکی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کے بارے میں رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی کوہاٹ دھماکے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوارج کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتیں۔




