روس کے شہر کازان میں جاری نیشنز کپ 2026 ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان قومی وائٹ ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دوسرے میچ
میں بیلاروس انڈر 21 کو 1-4 سے شکست دے کر پہلی فتح حاصل کر لی ہے، جبکہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں پاکستان وائٹ اور بیلاروس سینئر کی ٹیم کے درمیان مقابلہ 4-4 سے ڈرا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کازان فیلڈ ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان وائٹ نے بیلاروس انڈر 21 کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے ابوزر، یاسر خان، سعد اور تیمور نے ایک ایک گول اسکور کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل، ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان وائٹ کا مقابلہ بیلاروس سینئر ٹیم سے ہوا جو کہ انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-4 گول سے برابر رہا۔ اس میچ میں بھی پاکستان کے لیے ابوزر، عثمان اشرف، سعد اور یاسر خان نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔
ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق قومی ہاکی ٹیم ہیڈ کوچ اولمپین کامران اشرف کی زیر نگرانی 30 اگست کو بیلاروس کے خلاف، 31 اگست کو سمرقند سٹی کے خلاف اور یکم ستمبر کو روس کی قومی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔


پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ کے دوران قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق قومی ٹیم نے طویل عرصے کے بعد نہ صرف ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا بلکہ ایونٹ میں پہلے سے کہیں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے ساؤتھ افریقہ اور جاپان کو شکست دی، جبکہ ویلز کے خلاف میچ ڈرا رہا۔ مجموعی طور پر بین الاقوامی سطح پر ٹیم میں زبردست پیش رفت، مسابقتی صلاحیت اور لڑنے کا جذبہ دیکھا گیا۔
ہمیں اس بات کا بھی اعتراف ہے کہ ٹیم میں اب بھی کچھ خامیاں موجود ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ایشین گیمز کی تیاریوں کے پیش نظر آنے والے مہینوں میں ان خامیوں کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت دور کیا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن باب ویلڈے ہاف، عدنان ذاکر اور کرس بوون پر مشتمل پیشہ ورانہ و بین الاقوامی کوچنگ اسٹاف کی کاوشوں سے مکمل طور پر مطمئن ہے۔ اس کے علاوہ مبصر کے طور پر موجود ہرمن کروئس نے بھی پورے ایونٹ کے دوران قیمتی تکنیکی آراء اور رہنمائی فراہم کی۔
یہ مربوط کوچنگ فریم ورک نیشنل کوچنگ ایڈوائزر ہرمن کروئس کی زیر نگرانی جاری رہے گا۔ وہ سینئر قومی ٹیم، انڈر 21، انڈر 18 اور ویمنز ٹیموں سمیت تمام قومی ٹیموں کو مجموعی تکنیکی رہنمائی فراہم کریں گے۔
ہمارا بنیادی مقصد ایک ایسا مربوط اور اعلیٰ کارکردگی کا حامل نظام قائم کرنا ہے جس میں تمام کوچز مل کر کام کریں، اپنے تجربات کا تبادلہ کریں، خامیوں کی نشان دہی کریں اور ہر عمر کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھاریں۔
فیڈریشن کو قوی امید ہے کہ ان مشترکہ کوششوں کی بدولت ورلڈ کپ کے دوران سامنے آنے والی خامیوں پر قابو پایا جا سکے گا، جس سے ایشین گیمز اور آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے زیادہ مضبوط، منظم اور مسابقتی پاکستان ٹیمیں تیار کرنے میں مدد ملے گی




