چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے منگل کو کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشتگردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کے عزم پر ثابت قدم ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات کور ہیڈکوارٹرز پشاور کے دورے کے دوران کہی جہاں انہیں خیبر پختونخوا میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں، سرحدی انتظام کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاری کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل منیر نے فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ چوکس رہیں اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ملک اور اس کے عوام کے تحفظ کے لیے ان کے عزم کا اعتراف کیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارِ شہدا کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کمانڈر پشاور کور نے کیا۔
آرمی چیف کا یہ دورہ ضلع کوہاٹ میں دہشتگردوں کی جانب سے تباہ کن حملہ کیے جانے کے چند روز بعد ہوا ۔




