عامر خان کا5 ستمبر 2026ء کو بین الاقوامی باکسنگ ایونٹ “آزادی فائٹ نائٹ” کا اعلان
اسلام آباد ( اصغر علی مبارک)
برطانوی اور پاکستانی باکسر عامر خان نے اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں قائم عامر خان باکسنگ اکیڈمی میں ایک اہم پریس کانفرنس کی ۔ اس پریس کانفرنس میں انہوں نے 5 ستمبر 2026ء کو ہونے والے بین الاقوامی باکسنگ ایونٹ “آزادی فائٹ نائٹ” کا باقاعدہ اعلان کیا۔عامر خان نے کہ اس ایونٹ کا بنیادی مقصد پاکستان کے مقامی باکسرز کو بین الاقوامی سطح کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر سکیں۔ اس ایونٹ کے ساتھ ہی جناح اسٹیڈیم میں نئی تعمیر شدہ جدید عامر خان باکسنگ اکیڈمی کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا جائے گا، جس کی ربن کاٹنے کی تقریب فائٹس شروع ہونے سے پہلے منعقد ہوگی۔
یہ ایونٹ ہفتہ 5 ستمبر 2026ء کو شام 6:00 بجے شروع ہوگا۔ عامر خان نے عوام کے لیے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں انٹری بالکل مفت ہوگی اور شائقین کو کسی قسم کی ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
جو لوگ اسٹیڈیم نہیں آ سکتے، وہ جیو سپر (Geo Super) پر یہ پورا ایونٹ دنیا بھر میں لائیو دیکھ سکیں گے۔اس فائٹ نائٹ میں کل 10 پروفیشنل مقابلے ہوں گے، جن میں پاکستان کے نامور باکسر عثمان وزیر سمیت ملک بھر کا بہترین ٹیلنٹ ایکشن میں نظر آئے گا۔
پاکستان کے علاوہ ڈنمارک سے حارث آفتاب خان اور انگلینڈ کے دو بین الاقوامی پروفیشنل باکسرز بھی ان مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے پاکستان پہنچے ہیں۔ تمام باکسرز پریس کانفرنس کے دوران اسٹیج پر موجود تھے۔کارپوریٹ سیکٹر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ مقامی کمپنیوں کے لیے اسپانسر شپ کے دروازے کھلے ہیں، اور اس ایونٹ سے حاصل ہونے والی آمدن پاکستان میں نوجوانوں کے کھیلوں کے فروغ اور فلاحی کاموں پر خرچ کی جائے گی





