جی ایچ کیو میں پی ایل اے کی 99ویں سالگرہ کی تقریب، فیلڈ مارشل کا پاک چین دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم
راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 99ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ عسکری و سفارتی حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران دونوں ممالک نے ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پی ایل اے کے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی منفرد، آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے، جو بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون اور علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے عزم سے بندھے حقیقی شراکت دار ہیں۔ اس موقع پر چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا۔







